عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بڑی کمی

27  ‬‮نومبر‬‮  2021

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد کی نمایاں کمی آئی ہے۔
کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوگئی۔ کورونا کی نئے ویرینٹ کی خبر نے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو بھی خوفزدہ کردیا ہے اور خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد کی نمایاں کمی آئی ہے جس کے بعد یہ قیمت گزشتہ ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
خام تیل کی قیمت میں 8.77 ڈالر کمی دیکھی گئی ہے جو کل قیمت کا 10.7 فیصد ہے جس کے بعد فی بیرل قیمت 73 اعشاریہ 45 ڈالر تک گرگئی۔اس کے علاوہ دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹ پر بھی اس کا اثر پڑا ہے اور امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی۔
خیال رہے کہ اس بڑی کمی کی وجہ کورونا وائرس کی سب سے تبدیل شدہ قسم کو قرار دیا جارہا ہے جسے جنوبی افریقا میں حال ہی میں دریافت کیا گیا ہے۔ قیمت میں یہ کمی اپریل 2020ء کے مقابلے میں سب سے بڑی کمی ہے جو کہ ڈیڑھ سال بعد ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا میں نمودار ہونے والے کورونا وائرس کی نئی جینیاتی تبدیل شدہ شکل کو اس کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے اور کئی ممالک پہلے ہی جنوبی افریقا سے آمدورفت پر پابندی عائد کرچکے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved