وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز جعلی آڈیو اور ویڈیوز سےنوازشریف کی سزائیں معاف کروانا چاہتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جعلی آڈیو،ویڈیو بنانے کے لئے ٹیم تیار کررکھی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جعلی ویڈیوز اور آڈیو بنانا (ن) لیگ کا وطیرہ بن چکا ہے، نوازشریف اور مریم نواز کیسز حتمی مراحل میں ہوں تو یہ لوگ سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، (ن) لیگ کا واحد مقصد ہے کہ کسی طرح نوازشریف کی سزائیں معاف ہوجائیں، یہ لوگ اپنی جائیدادوں کا جواب دینے کے بجائے آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں، رانا شمیم (ن) لیگ کے عہدیدار تھے اور انہیں چیف جسٹس بنادیا گیا لہذا ن لیگ کی مہم کا عدلیہ کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں ، جعلی ویڈیوآڈیو کا مقصد احتساب کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے ، جھوٹ بولنا اور دشنام ترازی کرنا ان کا پرانا وطیرہ ہے۔
پاکستان میں بھی تیل کی قیمت کم ہوگی
فواد چوہدری نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے سے پاکستان میں بھی تیل کی قیمت کم ہوگی، کھانے پینےکی اشیاء کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جب کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی۔
پاکستان کے معاشی مسائل میں کمی اور معیشت استحکام کیجانب گامزن ہے۔ رواں ہفتے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کم ہوچکی ہیں۔ سعودی عرب سے پیکج اور آئی ایم ایف سےمعاملات آخری مراحل میں ہیں اور تیل کی قیمت بھی عالمی منڈی میں کم ہو رہی جسکے اثرات چند ہفتوں میں دکھائی دیں گے @fawadchaudhry pic.twitter.com/dK6M9E1hct
— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) November 27, 2021
ان کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری کے لئے حکومت بڑے اقدامات کرنے جا رہی ہے۔ حکومت جامع اور پائیدار اقتصادی بڑھوتری کے سفر پر گامزن ہے، قومی معیشت کے اہم اشاریے بہتری کی عکاسی کر رہے ہیں۔