لیبیا میں ریگستان سے 20 تارکین وطن کی لاشیں ملی ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ راستہ بھٹک جانے کے بعد شدید پیاس کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
لاشوں کو چاڈ کی سرحد سے 120 اور کفرۃ شہر سے 320 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ریگستان سے گزرنے والے ٹرک ڈرائیور نےدیکھا، جس پر اس نے لیبیائی حکام کو اطلاع دی۔ مقامی امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد تارکین وطن تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ایک گاڑی کے قریب سے ملیں، جو کہ خراب حالت میں بند تھی۔
کفرۃ ایمبولینس سروس کے سربراہ ابراہیم بالحسن نے میڈیا کو بتایا کہ یہ 20 افراد کم از کم 14 دن پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے ، ان کا آخری رابطہ 13 جون کو موبائل فون کے ذریعے ہوا تھا، اس کے بعد یہ بھٹک گئے۔ تارکین وطن کی گاڑی چاڈ سے یہاں پہنچی تھی اور اس پر سوار تمام لوگ پیاس کی شدت کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔