منڈی بہاؤ الدین میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے توہین عدالت کے جرم میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو تین ماہ کیلئے جیل بھیجنے کا حکم سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر طارق بسرا اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی گرفتاری سے بچ کر لاہور روانہ ہوگئے ہیں۔ صارف عدالت کے جج نے توہین عدالت کے جرم میں تین ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راؤ عبدالجبار کی عدالت میں سرکاری مکان الاٹمنٹ کا ایک کیس محمد عاصم برخلاف اسسٹنٹ کمشنر منڈی زیر سماعت تھا۔
دوران سماعت اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے لٹی گیشن آفیسر نے انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے عدالت سے بدتمیزی کی اور دھمکیاں بھی دیں۔بعدازاں عدالت پہنچنے والے اسسٹنٹ کمشنر نے توہین عدالت کرنے والے افسر کا دفاع کیا اور ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین طارق بسرا نے بھی فاضل جج سے ٹیلیفون پر غیر مہذب انداز میں بات کرتے ہوئے لٹی گیشن آفیسر کو جانے کا کہا جس پر فاضل عدالت نے دونوں افسران کو بھی توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے تھے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ لٹی گیشن آفیسر کو باقاعدہ ملی بھگت سے عدالت میں ایسا رویہ اختیار کرنے کیلئے بھیجا گیا تھا، عدالت کو یقین ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ اور ڈپٹی کمشنر طارق بسرا کی منصوبہ بندی سے ایسا ہوا ہے۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤ الدین کو تین ماہ کیلئے جیل بھیجنے کا حکم سنایا۔