سعودی حکومت اور پاکستان کے درمیان سٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کیلئے معاہدہ ہو گیا ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یہ ملکی ذخائر کا حصہ بن جائیں گے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کی مشترکہ پریس ریلیز کے مطابق 3 ارب ڈالر کے فنڈز پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور کورونا کے معیشت پر منفی اثرات دور کرنے کیلئے معاون ثابت ہو گی۔
معاہدے کی تقریب کراچی میں ہوئی، جہاں سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے سربراہ سلطان بن عبدالرحمٰن اور گورنر سٹیٹ بینک پاکستان رضا باقر نے معاہدے پر دستخط کئے۔
2/2 یہ ڈپازٹ معاہدہ مضبوط اور خصوصی تعلقات کا عکاس ہے اور یہ دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کو فروغ دے گا۔
— SBP (@StateBank_Pak) November 29, 2021
معاہدے کے متعلق سٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور یہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر پاکستان کیلئے معاشی پیکیج کا اعلان کیا تھا، جس میں 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں ڈپازٹ اور مؤخر ادائیگیوں پر ایک ارب 20 کروڑ سے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کی تیل کی فراہمی شامل تھی۔