وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکس کلچر کے نظام کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدام اٹھائے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں مشیر خزانہ کی زیر صدارت ٹیکس اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اجلاس کے شرکاء کو ٹیکس بنیاد بڑھانے سے متعلق بریفنگ دی۔چیئرمین ایف بی آر اور اُن کی ٹیم نے ٹیکس محصولات میں اضافے کے لیے تفصیلی پریزنٹیشن دی اور ممکنہ ٹیکس دہندگان تک رسائی میں پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے ڈیٹا تیاری کے لیے عملی اقدامات شروع کردیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا ممکنہ اور موجودہ ٹیکس دہندگان کو ویب پورٹل پر دستیاب ہو گا۔شوکت ترین نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ساتھ مؤثر اور مضبوط رابطہ یقینی بنائے۔اُن کا کہنا تھا کہ ٹیکس کلچر فروغ دینے کے لیے عوامی حمایت حاصل کی جائے۔دوران اجلاس مشیر خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر کی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
دوسری طرف مشیر خزانہ شوکت ترین سے مسعود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے سی ای او شاہد نذیر کی ملاقات ہوئی جس میں شاہد نذیر نے مشیر خزانہ کو ٹیکسٹائل ملز کو درپیش مسائل اور چیلنجوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں مشیر خزانہ نے جائز مسائل اور تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔