ریاست کے خلاف سنگین غداری کیس، علی وزیر سپریم کورٹ سے ضمانت پر رہا

30  ‬‮نومبر‬‮  2021

پشتون تحفظ موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر نے سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر سپریم کورٹ نے آج 4 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض علی وزیر کی ضمانت منظور کر لی۔

علی وزیر کی ضمانت کی درخواست پرجسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی،  دوران سماعت جسٹس سردار طارق مسعودنے ریمارکس دئیے کہ ریاست مذاکرات کرکے لوگوں کو چھوڑ رہی ہے، ہو سکتا ہے کہ کل علی وزیر کے ساتھ بھی معاملہ طے ہو جائے۔ مزید کہا کہ لوگ شہید ہو رہے ہیں کیا وہاں قانون کی کوئی دفعہ نہیں لگتی، کیا عدالتیں صرف ضمانتیں خارج کرنے کیلئےبیٹھی ہیں؟

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ  کیا علی وزیرکے الزامات پرپارلیمنٹ میں بحث نہیں ہونی چاہیے؟ علی وزیرنےجو شکایت کی تھی، اس کا گلہ دورکرنا چاہیے تھا، اپنوں کو سینے سے لگانے کی بجائےانہیں  پرایا کیوں بنایا جارہا ہے؟ علی وزیرکا اگرایک بھی الزام درست نکلا تو کیا ہوگا؟  شریک ملزمان کے ساتھ رویہ دیکھ کرگڈ طالبان بیڈ طالبان والا کیس لگتا ہے۔

دوران سماعت  پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ علی وزیر پر اس طرح کے اور بھی مقدمات ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا دیگر کیسز میں علی وزیرضمانت ہوگئی ہے؟ پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے بتایا کہ علی وزیرکی کسی اورمقدمہ میں ضمانت نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ پولیس نے 6 دسمبر 2020ء کو کراچی کےعلاقے سہراب گوٹھ میں پی ٹی ایم کی ریلی سے خطاب کے دوران عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے اور سیکیورٹی فورسز پر توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے الزام پر علی وزیر اور پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، محمد شفیع اور ہدایت اللہ پشتین سمیت پی ٹی ایم کےکئی ارکان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا تھا۔

 

 

ریاست  کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 120 بی، 153 اے، 505 (2)، 188 اور 34 شامل کی گئی تھیں۔

جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 3 نومبر 2021ء کو علی وزیر سمیت نوراللہ ترین، بصیراللہ، احسان اللہ، محمد شیر، جاوید رحیم،، شیر ایوب خان،  محمد طاہر عرف قاضی طاہر، ابراہیم خان، نعمت اللہ عرف عادل شاہ اور محمد سرور پر فرد جرم عائد کی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved