آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ 3 ماہ بہت اہم ہیں، کوئی وزیر بیرون ملک دورے پر نہیں جائے گا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ناگزیر دورے کیلئے پیشگی اجازت طلب کی جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے گلاسگو کانفرنس سے متعلق رہنماؤں کے بیانات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ پارٹی رہنما مطلع لئے بغیر کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے تھے، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں شریک وزرا کے متعلق جو بیانات دئیے گئے وہ انتہائی افسوس ناک ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کانفرنس میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی، گلاسگو کانفرنس میں پاکستان کا نام سرفہرست رہا، ملک امین اسلم نے کانفرنس میں پاکستان کی زبردست نمائندگی کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گیس کی قلت ہے، پاکستان میں گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، لیکن حکومت صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے۔