اگر آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے نہ ہوئے تو الیکشن کمیشن کو فنڈز نہیں دیں گے، فواد چوہدری

30  ‬‮نومبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ای وی ایم کیلئےقانون سازی کے بعد الیکشن کمیشن پر لازم ہے کہ وہ آئندہ ضمنی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرائے، اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہیں کرے گی۔

آج وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فود چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر قانون کا بھی یہی کہنا ہے کہ بادی النظر میں حکومت الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے تب ہی فنڈ دے سکے گی جب وہ الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک کمیٹی بنائی ہے اور اب سے حکومت انہی انتخابات کو فنڈ کر سکے گی جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرائے جائیں گے۔

لاہور میں ووٹ خریدنے کی ویڈیو باعث تشویش ہے

لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخابات کے دوران ن لیگ کی جانب سے ووٹ خریدنے کی ویڈیو کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا  کابینہ نے لاہور میں ووٹ خریدنے کی ویڈیو پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، حکومت سمجھتی ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں جس طرح سے ووٹ خریدے گئے، اگر اس وقت ان پر ایکشن لیا جاتا تو آج ان انتخابات میں یہ صورتحال نظر نہ آتی۔

 

 

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوری ملک میں جہاں انتخابات حکومت سازی کی بنیاد ہوتے ہیں، وہاں انتہائی اہم ہے کہ انتخابی نظام شفاف ہو،  اور اس پر تمام لوگوں کو اعتماد ہو، اسی لئے الیکشن کمیشن کا مضبوط اور مؤثر ہونا بہت ضروری ہے۔ حکومت سمجھتی ہے  کہ الیکشن کمیشن کو سینیٹ انتخابات کے ساتھ لاہور میں ووٹ چوری کے معاملے کو بھی منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔

تجربہ کار ہونے کے دعوے داروں سے صوبے میں قیمتیں کنٹرول نہیں ہو رہیں

وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی حکومت کیساتھ حالیہ معاہدے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے جو 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھوانے تھے اس کی رسمی کارروائی مکمل ہو چکی ہے، اورموخر ادائیگیوں پر 1.2ارب ڈالر  کے تیل کی فراہمی سے ڈالر کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

ان کا کہناتھا کہ ضروری اشیا کی قیمتوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے، لیکن بنیادی مسئلہ کراچی اور حیدرآباد میں مہنگی اشیا کا ہے،  وہ لوگ جو کہتے تھے کہ تحریک انصاف کی حکومت بہت ناتجربہ کار ہے، جو وہاں 30سال سے برسراقتدار ہیں ان سے بنیادی چیزوں کی قیمتیں بھی کنٹرول نہیں ہو پا رہیں۔انہوں نے کہا کہ آٹے چینی سمیت دیگر  بنیادی اشیا سندھ میں مہنگی ہیں۔ ہم وزیر اعلیٰ سندھ کو کہنا چاہتے ہیں کہ آپ اپنے معاملات کو ٹھیک کریں کیونکہ ہمارا پرائس انڈیکس 40فیصد کراچی کی وجہ سے اوپر نیچے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال پاکستان میں چاول کی ریکارڈ پیداوار ہوئی اور کسانوں نے 90لاکھ میٹرک ٹن چاول پیدا کیا ہے اور اس سے 4ارب 75کروڑ ڈالر زرمبادلہ آنے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کھاد کی بوری کی قیمت کا موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوریا کھاد کی بوری عالمی منڈی 10,500 روپے، جبکہ پاکستان میں اسکی قیمت 1700 روپے ہے۔ لیکن سندھ میں ذخیرہ اندوزی کی وجہ کسانوں کے استحصال کی کوشش جاری ہے جبکہ پنجاب میں زخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کاروائی کی گئی ہے۔

ن لیگ اور میڈیا گروپ نے عدلیہ اور فوج کے خلاف پراپیگنڈا کیا

فواد چوہدری نے جسٹس رانا شمیم کے بیان حلفی اور آڈیو ویڈیو لیکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے نائب صدر رانا شمیم کہتے ہیں یہ بیان حلفی میرا نہیں،  میرا بیان لاک ہے۔ وہ لاکڈ بیان اخبار تک کیسے پہنچا؟  لگ یہ رہا ہے نواز شریف کے ذریعے اخبار تک یہ بیان پہنچا۔ فوج، عدلیہ کے خلاف ن لیگ اور میڈیا گروپ نے پراپیگنڈا کیا، عدالت اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved