لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا عندیہ دیا ہے، جس کے تحت تعلیمی ادارےاور نجی دفاتر بند کئے جا سکتے ہیں۔
آج لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے خاتمے کے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ حکومت کا کوئی ادارہ ایئر کوالٹی کو چیک کرتاہے؟ جس پرایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ ایئر کوالٹی چیک کرنا محکمہ ماحولیات کا کام ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ اب بھی اینٹوں والے بھٹے روائتی طریقوں سے کام کر رہے ہیں، آلودگی سے بچنے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کیا جا رہا۔
صوبائی محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر نےعدالت کو بتایا کہ چھٹی کی وجہ سے ایئر کوالٹی انڈیکس 400 رہا ورنہ یہ 600 تک پہنچ جاتا ہے، حکومتی اقدامات اور چھٹی کے باعث اتوار کو ایئر کوالٹی انڈیکس200 تک نیچے آنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم نے عدالت کو بتایاکہ کچھ دنوں سے اسموگ میں بہتری آرہی ہے، عدالت ایک ہفتے کی مہلت دے آئندہ سماعت پر اسموگ میں مزید بہتری آ گی۔
جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ لاہور کی حدود میں اسموگ بہت پھیلی ہوئی ہے، تیاری کر لیں، ہمیں ایک ہفتے کی ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کرنی پڑ سکتی ہے۔ مزید کہا کہ متعلقہ محکمے اجلاس کریں اور ماحولیات ایمرجنسی کی تجویز پر غور کریں، حکومت بے شک اسموگ کے معاملے پر غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرلے، جلدرپورٹ بنائیں اس پر کام شروع کر دیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ سے متعلق کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔