مسلم لیگ (ن) کے کرتوتوں کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی ہے، فواد چوہدری

2  دسمبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ  شاہد خاقان عباسی مہنگائی کا ورد کر رہے ہیں، ان کی اہمیت اس لئے نہیں ہے کیونکہ آج مہنگائی ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ہے۔

آج پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے دور میں پالیسیاں بہتر رکھتیں تو آج ہمیں بیرون دنیا پر انحصار نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے شاہد خاقان عباسی کو دعوت دی کہ وہ پاکستان بیورو آف شماریات کے ساتھ بیٹھ جائیں کیونکہ ن لیگ کے اکثر لوگوں نے کبھی اخبار بھی پورا نہیں پڑھا، ان کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پہلے سسٹم سمجھ لیں، قیمتوں کے حساس اشاریہ انڈیکس میں 40 فیصد اعداد و شمار کراچی سے آتے ہیں۔

 

 

جلد مہنگائی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، قیمتوں کے حساس اشاریہ انڈیکس میں 0.67 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ پاکستان کے اندر عالمی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے پر مرکوز ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی اور عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔

پنجاب کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے

وفاقی وزیر اطلاعات کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس کا بنیادی ایجنڈا بلدیاتی انتخابات تھا، خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر کو ہو رہے ہیں جہاں 17 اضلاع میں 37 ہزار 752 امیدواروں  کے درمیان مقابلہ ہے، مجموعی طور پر تحصیل چیئرمین اور میئر کیلئے  689 امیدواروں میں مقابلہ ہے جبکہ 19282 امیدوار نیبر ہڈ کونسلز میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا نیا سٹرکچر آئے گا، اس حوالے سے اتحادیوں سے بات ہوئی ہے، پنجاب کا نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئندہ چند دنوں میں منظور ہو جائے گا، جس سے پنجاب میں مقامی حکومتوں کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے، پنجاب حکومت نے قانون میں پہلے ہی ترمیم کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن ای وی ایم پر درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیل سے معلوم ہوگا کہ کس طرح ہم نے ای وی ایم پر الیکشن کروانا ہے، اس حوالے سے جو بھی مدد درکار ہوئی، حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں مہنگے الیکشن کا تاثر غلط ہے، ای وی ایم پر الیکشن کی لاگت عمومی الیکشن پر آنے والی لاگت کے برابر ہوگی، ہمیں بار بار الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنا نہیں پڑیں گی اور اس طرح الیکشن کا پراسیس مزید سستا ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سماجی بہبود کے مختلف پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

سندھ حکومت کا کردار عوام دشمن ہے

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام اور صحت کارڈ پروگرام بڑا منصوبہ ہے، پنجاب کے لئے صحت کارڈ کا ساڑھے تین سو ارب کا پراجیکٹ ہوگا، پنجاب کے تمام لوگوں کو دس لاکھ روپے تک علاج کی سہولت میسر ہوگی، ایسی سہولت کسی ترقی یافتہ ملک میں بھی میسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان اور سندھ حکومتیں بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں، بلوچستان نے اپنی آمادگی ظاہر کر دی ہے لیکن سندھ نے ابھی تک آمادگی ظاہر نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا کردار عوام مخالف ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ مفت علاج کی سہولت ہر پاکستانی کا حق ہے اس لئے سندھ حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس پروگرام میں شامل ہو تاکہ سندھ کے لوگوں کو بھی اس کا فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا پروگرام ہوگا جس میں وزیروں اور مشیروں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، شاید اسی وجہ سے سندھ حکومت پریشان ہے۔

پی ڈی ایم تھکے ہوئے پہلوانوں کا ٹولہ ہے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے جب گیس کی وزارت سنبھالی تھی تو اس پر ایک روپے کا قرضہ نہیں تھا، جس دن یہ وزارت چھوڑ کر گئے تو 157 ارب روپے کا قرضہ چھوڑ کر گئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جو پالیسیاں دیں اور قرضے لئے آج تک ان سے باہر نہیں نکل پا رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمانی پارٹی میں شرکت کے لئے تیار نہیں، یہ تھکے ہوئے پہلوانوں کا ٹولہ ہے، ای وی ایم کے حوالے سے اپوزیشن اپنے تحفظات خود دور نہیں کرنا چاہتی۔

اپوزیشن ای وی ایم پر تحفظات دور نہیں کر نا چاہتی، ای وی ایم کی خریداری کیلئے فنڈز حکومت دے گی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا  کہ ہم اپوزیشن کو بڑی اصلاحات پر دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئے اور بات کرے لیکن وہ اصلاحات کی طرف نہیں آ رہے، وہ نظام بدلنا ہی نہیں چاہتے، وہ ای وی ایم کے حوالے سے اپوزیشن اپنے تحفظات خود دور  کرنا ہی نہیں چاہتے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ای وی ایم پر الیکشن کمیشن کا نکتہ نظر آ گیا ہے، ٹیکنیکل کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، ای وی ایم کے لئے جو بھی فنڈز چاہئے ہوں گے، ہم دیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved