ایران نے عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری مذاکرات میں پابندیوں کے خاتمے سمیت دیگر شرائط سامنے رکھ دیں

2  دسمبر‬‮  2021

ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ علی باقر کنی نے 2015ء کے جوہری معاہدے کے نکات، پابندیوں کے خاتمے اور دیگر شرائط کا مسودہ مغربی ممالک کے وفود کو پہنچا دیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے مذاکرات میں شامل مغربی ممالک کے وفود کو 2 مراسلے بھیجے ہیں، جس میں 2015ء کے جوہری معاہدے کی دفعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس معاہدے کو توڑنے والے فریق سے بھی جواب دہی کی جانی چاہیے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مغربی ممالک کو دئیے جانے والے 2 مختلف مراسلوں میں ایرانی پر عائد غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اور اس کے ساتھ مذاکرات کے مثبت اور دیرپا نتائج حاصل کرنے کیلئے کچھ پیشگی شرائط بھی پیش کی گئی ہیں۔

 

 

ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ علی باقر کنی نے کہا ہے کہ ہم نے مغربی ممالک کو ان مسودوں میں کچھ تجاویز بھی پیش کی ہیں تاکہ مذاکرات کو مثبت سمت میں آگے بڑھایا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انتظار ہے کہ مغغربی ممالک ہمیں مراسلوں کا کب جواب دیتے ہیں، اور ہماری تجاویز کو مذاکرات میں شامل کرتے ہیں یا نہیں۔

یاد رہے کہ ایران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015ء کے جوہری معاہدے کی بحالی کیلئے مذاکرات کا دوبارہ آغاز آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہو چکا ہے۔  29 نومبر سے شروع ہونے والے مذاکرات میں اب تک مذاکرات کے تین ادوار ہو چکے ہیں،  جن میں  امریکہ بالواسطہ طور پر شریک ہے، کیونکہ ایران کا موقف ہے کہ جب تک امریکہ تہران پر عائد معاشی پابندیوں کا خاتمہ نہیں کرتا، تب تک امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔ مذاکرات کے دوسرے دور کے اختتام پر تمام فریقین نے مثبت نتائج کی امید کا اظہار کیا تھا۔

مذاکرات سے چند روز قبل ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ علی باقر کنی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حالیہ مذاکرات میں 2015ء کے جوہری معاہدے کو توڑنے والے عناصر کے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی، گذشتہ روز ا ن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مغربی ممالک 2015ء کے جوہری معاہدے میں فریق ہونے کے ساتھ ضمانت دار بھی تھے، انہیں 2015ء کے معاہدے کی منسوخی کے محرکات کا تعین اور مداوا کرنا چاہیے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved