عالمی بینک کے بورڈ نے منجمد فنڈز میں سے افغانستان کیلئے 28 کروڑ ڈالر کی امدادی رقم جاری کرنے کی حمایت کی ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق افغانستان میں انسانی، غذائی اور دیگر بحرانوں سے نمٹنے کیلئے ورلڈ بینک نے افغانستان کے منجمد اثاثوں میں سے 28 کروڑ ڈالر عالمی امدادی اداروں کو جاری کرنے کی حمایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے عالمی فوڈ پروگرام اور چلڈرن فنڈ (یونیسف) کو منجمد فنڈز سے 28 کروڑ ڈالر کی رقم جاری کی جائے گی، تاہم اس کیلئے عالمی بینک کے افغانستان کی تعمیر نو کیلئے ٹرسٹ فنڈ (اے آر ٹی ایف) سے منسلک 31 ڈونرز کے جانب سے منظوری کی ضرورت بھی ہو گی۔
واضح رہے کہ افغانستان کی عوام کو معاشی بدحالی ،سردیوں میں خوراک کی کمی اور بڑھتی ہوئی غربت کا سامنا ہے، جس کے متعلق معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی امداد جاری ہونے سے افغانستان میں حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ افغانستان کے نائب وزیر خارجہ امیر خان متقی متعدد بار امریکہ سے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے کی اپیل کر چکے ہیں تاکہ اسے افغان عوام پر خرچ کیاجا سکے، علاوہ ازیں امیر خان متقی امریکی کانگریس کے اراکین کو افغانستان کے منجمد اثاثوں کے بحالی کیلئے خط بھی لکھ چکے ہیں، لیکن افغانستان کے منجمد اثاثے تاحال بحال نہیں کئے گئے۔