سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کے غیر ملکی مینیجر کو فیکٹری ملازمین نے تشدد کرکے قتل کردیا۔
ملازمین نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مینیجر کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فیکٹری کے ملازمین نے وزیر آباد روڈ کو بلاک کرکے مینیجر کی لاش کو آگ بھی لگا دی۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
ڈی پی او عمر سعید ملک کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا جہاں نجی فیکٹری کے منیجر کو ملازمین نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔پولیس کا کہناہے کہ ملازمین نے وزیر آباد روڈ پر واقع فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی اور سڑک پر ٹریفک بلاک کردی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔پولیس کےمطابق مشتعل افراد سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین نے وزیر آباد روڈ پر ٹریفک بحال کردی۔
ڈی پی او کا بتانا ہےکہ غیرملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔