وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت ترقی کر رہی ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے۔
اسلام آبادمیں مشیر تجارت رزاق داؤد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ عام آدمی دباؤ میں ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی عالمی سطح پر بڑھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو چیزیں مہنگی ہوگئی ہیں وہ ساری درآمدی اشیا ہیں، ان اشیا نے مہنگائی اور امپورٹ بل کو بھی متاثر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ڈومیسٹک مہنگائی پچھلے سال سے کم ہے جو چیزیں مہنگی ہوئی وہ درآمدی اشیا ہیں، معیشت اور معاشی حالت درست سمت میں ہے، گزشتہ سال کی نسبت اس وقت ریونیو 36 فیصد زیادہ ہے، ریونیو میں اضافے کا مطلب ہے کہ ملک کی معیشت ترقی کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گھبرانے کی بات نہیں ہے، اس لیے ریونیو ٹھیک طرح بڑھ رہی ہیں، بجلی کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے، فصلیں 88 ملین ٹن ہوگئی ہیں اور ہمیں دیکھنا ہے کہ یہ ساری چیزیں صحیح سمت جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو کہنا چاہتا ہوں ہماری معیشت ٹھیک جارہی ہے اور ہمیں بالکل احساس ہے ہمارا نچلا طبقہ، متوسط طبقہ مشکل میں ہے لیکن ان کو دباؤ سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سبسڈی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھوڑا صبر کریں جیسے ہی بین الاقوامی سطح پر قیمتیں نیچے آئیں گی اور مجھے کوئی مشکل نظر نہیں آرہی ہے کہ ہماری اشیا کی قیمتیں کم ہوں گی۔
غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ منی بجٹ پہلے ای سی سی پھر کابینہ اور اس کے بعد پارلیمان میں آئے گا، منی بجٹ کو آنے میں ایک ہفتہ یا 10 دن لگ سکتے ہیں۔شوکت ترین نے کہا کہ منی بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 200 ارب روپے کی کٹوتی ہوگی۔