پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا سینیگال کا دورہ، فری میڈیکل کیمپ کا قیام

5  دسمبر‬‮  2021

پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے سینیگال کا دورہ کیا اور جزبہ خیر سگالی کے طور پر فری میڈیکل کیمپ لگایا۔  بندر گاہ آمد پر سینیگال کی وزارت صحت کے حکام، نیول حکام اور پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق دورے کے دوران مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ سینیگال کے وزیر دفاع، سینیگال کے چیف آف نیول اسٹاف اور سینیگال کے چیف آف ایئر اسٹاف سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے سینیگال کے عوام بالخصوص سینیگال کی بحریہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

بیان کے مطابق جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت پاکستان نیوی کی جانب سے سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خصوصی ٹیم نے 2000 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ کے دوران COVID-19 ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے قیام کو مقامی لوگوں نے خوب سراہا۔

 

 

دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے سینیگال بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق کا انعقاد کیا جس سے دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

پاک بحریہ کے مطابق موجودہ دورے کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات، بحری تعاون، انسانی ہمدردی اور میزبان بحریہ کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ پی این ایس عالمگیر کے دورہ سینیگال نے دونوں ممالک کو موجودہ قریبی اور خوشگوار سفارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved