پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے کہا ہے کہ پریانتھا کمارا کے قتل کے بعد حکومت پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہیں، اس واقعے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔
آج میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک شہری کا قتل ہوا، جو انتہائی افسوسناک ہے، لیکن یقین دلاتا ہوں کہ اس سے دوطرفہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے فوری ایکشن لیا، بڑی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ ہم دوست ہیں اور دوست رہیں گے۔
اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ آج پریانتھا کی میت واپس بھیج دی گئی ہے، ہمیں یقین ہے کہ حکومت پاکستان متاثرہ فیملی کو انصاف فراہم کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے سماجی، دفاعی اور تجارتی تعلقات ہیں، یہ واقعہ ہمارے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو گا۔