کھیلوں سے مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کر دیں گے، وزیراعظم

6  دسمبر‬‮  2021

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے کھیلوں کی پالیسیوں میں بڑی تبدیلی کی ہے،  جس کے تحت مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائے گا۔

اسلام آباد میں کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کو کامیاب نوجوان پروگرام  کی کامیابی اور ٹیلنٹ ہنٹ کے انعقاد پر  خراج تحسین پیش کیا۔

خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوانوں کیلئے بہت ضروری ہے، کیونکہ جب آپ کھیل کے میدانوں میں مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں تو آپ کو جیتنا بھی آتا ہے،  اور ہار کی وجوہات بھی سمجھ آتی ہیں، آپ ہار سے دلبرداشتہ نہیں ہوتے بلکہ اس سے سیکھتے ہیں اور پھر نوجوان کسی بھی مشکل وقت سے گھبراتا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہارتے تب ہیں جب آپ دلبرداشتہ ہوتے ہیں، یہ سب سے بڑا سبق ہے کہ کھیل آپ کو برے وقت کا مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں، یہ زندگی کا وہ سبق ہے جو کوئی اور شعبہ آپ کو  نہیں سکھاسکتا۔

وزیر اعظم  عمران خان نے کہا کہ کھیل آپ کی صحت کیلئے بہت ضروری ہے،  اور صحت اللہ کی نعمت ہے، پاکستان وہ ملک ہے جہاں 70 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے، اس لئے ہماری کوشش ہے کہ ہر محلے میں کھیلوں کے میدان ہوں، ہم خیبر پختونخوا اور پنجاب میں کئی میدان تعمیر کر چکے ہیں۔

ہماری صوبائی حکومتوں نے 47 ارب روپے کی  سکالر شپ دیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ ہم آپ کو بہتر تعلیم کا موقع دیں، ہماری دو صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت نے 47 ارب روپے کی اسکولرشپس دی ہیں جس سے 63 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان، بین الاقوامی سطح پر ہر کھیل میں شرکت کرے، اس کے لیے سپورٹس گراؤنڈز، ایکسی لینس سینٹر بنانے کی ضرورت ہے۔

 یاد رہے کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ میں 6 ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ پروگرام کے تحت 4 ارب روپے کے 4 نئے منصوبوں کا آغاز کیاگیا ہے ۔ سپورٹس ڈرائیو میں حصہ لینے والے 15 سے 25 سال کے نوجوانوں میں 2700 لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved