وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان بے وقت کا راگ الاپ رہے ہیں اور سننے والا کوئی نہیں، مولانا حوصلہ رکھیں اور اپنے دائیں بائیں دیکھیں، ان کے ساتھ کوئی نہیں وہ اکیلے بیٹھے ہیں، 23 مارچ بھی آ جائے گا، آپ بھی یہیں ہیں اور ہم بھی، دیکھ لیں گے۔
آج پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کے اعلان پر ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مارچ اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن مولانا فضل الرحمان کی کوشش ہے کہ موجودہ سسٹم ختم ہو اور ان کی جگہ دوبارہ بنے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا عندیہ دیا ہے، مولانا فضل الرحمان پہلے بھی کئی مرتبہ تاریخیں اور حکمت عملی بدل چکے ہیں، یہ تاریخ بھی حتمی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز اس لئے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نظر آتے ہیں کیونکہ وہ سسٹم کا حصہ نہیں ہیں، کیونکہ جو لوگ سسٹم میں ہیں وہ ایسی حکمت عملی کو سپورٹ نہیں کرتے ہیں۔
چونکہ مولانا فضل الرحمان سسٹم کا حصہ نہیں ہیں اس لیئے وہ چاہتے ہیں کہ نظام ہی ختم ہو تاکہ انکی کوئی جگہ بن سکے۔ وہ ایسا راگ الاپ رہے ہیں جسکو نہ کوئی سننے والا ہے اور نہ کوئی ساتھ دینا والا ہے۔ مولانا کئی بار تاریخیں بدل چکے ہیں اس بار بھی ایسا ہی ہوگا۔ @fawadchaudhry pic.twitter.com/6ERWQ7rBhV
— PTI (@PTIofficial) December 6, 2021
پی ڈی ایم اپنی طبعی عمر پوری کر چکی ہے
وفاقی وزیر اطلاعات کا پی ڈی ایم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں بھی پارلیمان کے اندر موجود جماعتوں اور شخصیات کا نکتہ نظر پارلیمان سے باہر رہنے والوں سے یکسر مختلف تھا، مولانا فضل الرحمان کی باتیں ٹائیں ٹائیں فش ثابت ہوں گی، اور پی ڈی ایم بھی اپنی طبعی عمر پوری کر چکی ہے۔ فواد چوہدری نےکہا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات ہونے والے ہیں، خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں، اس کے بعد آئندہ سال ہم اپنا آخری بجٹ پیش کریں گے، اور پھر اس کے بعد ملک میں عام انتخابات ہونے ہیں۔
امید ہے پی ڈی ایم کی جماعتوں نے سانحہ سیالکوٹ پر دئیے بیان پر مولانا سے بازپرس کی ہو گی
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ امید ہے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کے سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان پر ان سے بازپرس کی ہوگی، مولانا فضل الرحمان نے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اس اندوہناک واقعہ کو تحفظ دینے کی کوشش کی ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 23 مارچ پاکستان کی قوم کے لئے اہم دن ہے، یہ قوموں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کا دن نہیں، قوموں کو جوڑنے کا دن ہے، 23 مارچ کا دن بھی آ جائے گا، آپ بھی یہاں ہیں، ہم بھی یہاں ہیں، دیکھ لیں گے۔