حیوانوں کے ہجوم میں ایک ہی انسان تھا، ملک عدنان جیسے افراد رول ماڈل ہیں، وزیراعظم

7  دسمبر‬‮  2021

وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن مینجر کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو رول ماڈل قرار دے دیا۔

آج اسلام آباد میں سانحہ سیالکوٹ میں سری لنکن میجر کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کے اعزاز اور آنجہانی پریانتھا کمارا کیلئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ سیالکوٹ کے  افسوسناک واقعے میں حیوانوں کے ہجوم میں ایک بہادر انسان بھی تھا، ہمیں ملک عدنان پر فخر ہے، جس طرح انہوں نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کی، ہمیں ملک عدنان جیسے رول ماڈلز کی ضرورت ہے۔

ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک عدنان کو 23 مارچ کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔اس موقع پر ملک عدنان کو تعریفی سند  پیش کی گئی، تقریب میں وفاقی وزراء اور سری لنکن ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک عدنان کا کہنا تھا کہ اس دن میرا جذبہ یہی تھا، یہی کوشش تھی  کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچا لوں، میں چاہتا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ نہ پیش آ جائے جس سے ملک کا نام خراب ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  شاید یہ قتل اب قوم کیلئے ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو، اور یہ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ کو بدل کر رکھ دے، کیونکہ سوچ بدلے گی تو آنے والی نسلوں کی بہتر پرورش ہو سکے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved