بھارت کا کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینےسے انکار پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، وزیر خارجہ

7  دسمبر‬‮  2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی فراہمی سے انکار، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں۔

اسلام آباد – (اے پی پی):بیلجیئم کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کسی بھی بامعنی گفت و شنید کی راہ ہموار کرنے کیلئے بھارت سرکار کو اپنے 5 اگست 2019ء  کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر نظر ثانی کرنا ہو گی۔

 

 

پرامن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے بھی انتہائی اہم ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےافغانستان کی صورتحال کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران کی صورتحال کو قابو میں لانے ، معیشت کی بحالی اور دیرپا امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کو موثر اور سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے ، مہاجرین کی نقل مکانی کے ممکنہ خطرے کو روکنے اور افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے محفوظ رکھنے کیلئے عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔ پاکستان عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی مخدوش معاشی صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے 19 دسمبر کو او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے ، مہاجرین کی نقل مکانی کے ممکنہ خطرے کو روکنے اور افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے محفوظ رکھنے کیلئے عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔

 

 

پاکستان بیلجیئم کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں وسعت کا خواہاں ہے

دوطرفہ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور سیاسی، اقتصادی، تجارتی، تعلیمی ، سائنسی و کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔بات چیت کے دوران پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا گیا،وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بیلجیم کو ایک قریبی دوست اور ایک اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دوطرفہ تجارت میں خاطر خواہ اضافے اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو سراہا اور پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیلجیئم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولمس نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار اور سفارتی اہلکاروں ، بین الاقوامی تنظیموں کے عملے،و دیگر غیر ملکیوں کے کابل سے محفوظ انخلاء میں بھرپور معاونت فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی دیگر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے خاص طور پر آپریشن “ریڈ کائٹ” کے کامیاب انعقاد کیلئے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جس میں بیلجیئم کے 201  شہریوں سمیت 1400 افراد کو افغانستان سے بحفاظت نکالا گیا۔

وزیر خارجہ نے بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولمس کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ تقریباً ایک دہائی کے بعد پاکستان کے کسی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ ء بیلجیئم ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved