الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے آج دورہ پشاور کا نوٹس لے لیا ہے۔
ریجنل الیکشن کمشنر پشاور سے جاری خط میں کہا گیا کہ 8 دسمبر 2021ء کے روزنامہ ڈان کی خبر سے معلوم ہوا ہے کہ آپ آج پاکستان کارڈ کے اجرا کیلئے پشاور کا دورہ کر رہے ہیں۔ آپ کی توجہ الیکشن کمیشن کی 4 نومبر کو جاری کی گئی ہدایات کی جانب مبذول کرائی جارہی ہے جس میں انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی لوکل کونسل کے علاقے کا دورہ کرنے یا کسی اسکیم کا اعلان کرنے پر پابندی لگائی گئی تھی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد صدر، وزیراعظم، گورنر، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، کسی بھی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر، وزیراعظم کے مشیران ، وفاقی اور صوبائی وزرا، وزیر اعلیٰ یا کوئی سرکاری عہدیدار کسی ترقیاتی اسکیم کے اعلان کیلئے کسی لوکل کونسل کے علاقے کا دورہ نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے امیدوار کی مہم چلائے گا۔اگر کوئی عہدیدار اس ضلعے کا رہائشی ہو جہاں انتخاب ہورہا ہو تو وہ صرف دورہ کرسکتا ہے لیکن اسے کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ لہٰذا آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کریں۔
خط میں خبردار کیا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں آپ کے خلاف الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 233-234 کے تحت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔