ایشیائی ترقیاتی بینک نے احساس پروگرام کیلئے 603 ملین ڈالر کی منظوری دے دی

8  دسمبر‬‮  2021

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں سماجی تحفظ کے سب سے بڑے پروگرام احساس کے دائرہ کارمیں توسیع کیلئے 60 کروڑ30 لاکھ ڈالرکی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے بدھ کوجاری بیان میں کہاگیاہے کہ حکومت پاکستان کے سماجی تحفظ کے مربوط پروگرام کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی حکومت کو 60 کروڑڈالر کا باقاعدہ قرضہ فراہم کرے گا، اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی فنڈ سے 30 لاکھ ڈالر اورEducation Above All فاونڈیشن کی جانب سے 24 ملین ڈالرکی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے وسطی و مغربی ایشیا یوگینی زوخوف نے بتایا کہ احساس پروگرام کی ترجیحات کے مطابق یہ معاونت بینک کی پاکستان میں سٹریٹجک فعالیت کی طرف منتقلی کی عکاسی کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بینک کی معاونت سے تعلیم ، صحت عامہ کی خدمات، اورغذائی اشیا کی فراہمی کیلئے مشروط کیش ٹرانسفر پروگرام کوتقویت ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی اس معاونت سے غریب خاندانوں کے بچوں خاص طور پر لڑکیوں اور خواتین، نوعمر لڑکیوں اور غریب بچوں کے لیے صحت کی خدمات اور غذائیت ، پرائمری سے لیکر دسویں تک تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے نقد رقوم کی منتقلی میں بہتری آئے گی۔

یہ پروگرام پاکستان کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کے نفاذ اور صلاحیتوں واستعدادمیں بہتری کیلئے شروع کیاگیاہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا دیرینہ اورقابل اعتماد شراکت دار ہے، یہ پروگرام ایشیائی ترقیاتی بینک اوردیگر شراکت داروں سے سالوں پرمحیط رابطہ کاری کانتیجہ ہے۔

اس پروگرام میں ان شعبہ جات پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں ہم سمجھتے ہیں کہ بینک اپنا زیادہ اثراستعمال کرسکتا ہے۔یہ پروگرام احساس پروگرام کے ترجیحی شعبہ جات کیلئے حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے والدین کو اپنے بچوں بالخصوص بچیوں کوسکولوں میں بھیجنے کی ترغیب ملے گی۔ اس کے علاوہ خوراک اورنقد رقوم کی منتقلی میں بھی یہ پروگرام معاون ثابت ہوگا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved