وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خطے اور بالخصوص دنیا میں قیام امن کیلئے افغانستان کا امن و استحکام ناگزیر ہے، عالمی برادری انسانی بنیادوں پر افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بدھ کے روز قازقستان کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے قازقستان کی قیادت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی، مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی 30 سالوں سے مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے عوام کا ایک دوسرے سے محبت اور احترام کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور خطے کیلئے اہمیت کا حامل ہے، قازقستان سمیت عالمی برادری انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر افغان عوام مدد کے لئے آگے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قازقستان کو خطے بالخصوص دنیا کے امن و استحکام کے لئے مختلف فورمز پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اپنی وژن سینٹرل ایشیاءپالیسی کے تحت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ جامع روابط کو فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا قازقستان کے قومی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب
وفاقی وزیر اطلاعات نے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے قازقستان کی قیادت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی@fawadchaudhry pic.twitter.com/WGJSzKrlRs— PTV News (@PTVNewsOfficial) December 8, 2021
پاکستان اور قازقستان کو دوطرفہ تعاون میں فروغ دینا چاہیے
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں کہا کہ قازقستان وسطی ایشیاءکا ایک اہم ملک ہے، دونوں ملکوں کی معیشتوں کی بنیاد زراعت اور صنعتوں پر ہے لہذا دونوں ممالک کو ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہئے۔ فواد چوہدری نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی، باہمی روابط، سیکورٹی اور ثقافت کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان اقوام متحدہ سمیت اسلامی تعاون تنظیم، شنگھائی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک ہیں، مضبوط سفارتی، تاریخی، مذہبی اور سیاسی روابط کے حامل تعلقات کے باعث دونوں ممالک اہم تجارتی شراکت دار بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
دنیا کی 65 فیصد آبادی اسلام آباد سے صرف 3 گھنٹے کی مسافت پر ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے پوری دنیا میں اہم مقام حاصل ہے۔ اسلام آباد کو دنیا میں منفرد مقام حاصل ہے، دنیا کی 65 فیصد آبادی اسلام آباد سے تین گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ریلوے اور روڈ نیٹ ورک کے ذریعے تجارتی روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔وزیر اطلاعات نےمزید کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے نجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلات، تعمیرات اور ریلوے کے شعبہ میں تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک ان شعبوں میں مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں۔