خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا جائزہ اجلاس، خواتین اور حساس پولنگ سٹیشنز پر زیادہ سیکیورٹی کی ہدایت

9  دسمبر‬‮  2021

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے متعلق جائزہ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان   نے متعلقہ اداروں کو خواتین اور حساس پولنگ سٹیشنز پر زیادہ سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ معذور اور دیگر محروم طبقات کو پولنگ اسٹیشنوں میں خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

آج پشاور کے چیف سیکرٹری آفس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا  ڈاکٹر شہزاد خان  بنگش،  انسپکٹر جنرل آف پولیس، معظم جاہ انصاری،  انسپکٹر جنرل   ایف سی  صلاح الدین خان،  سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شریف اللہ،سیکرٹری بلدیات خیبرپختونخوا، جائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر، ایڈمن  محمد جاوید  خان اور دیگر افسران  نے شرکت کی۔

 

 

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ آئین کے آرٹیکل 220کے تحت  انتظامیہ الیکشن کمیشن کے ساتھ آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد  میں معاونت کی پابند ہے، لہذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوام، ووٹروں، اُمیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کیلئے بھی یکساں مواقع مہیا کئے جائیں، اورالیکشن سے پہلے ضابطہ اخلاق پر بلا امتیاز  عمل در آمد کو ہر صورت  یقینی بنایا جائے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن  نے مزید کہا کہ  اب تک خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابی عمل کے دوران 487 خلاف  ورزیاں ہوئی ہیں اور جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جائے کہ وہ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل در آمد یقینی بنائیں۔جبکہ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر تمام محروم طبقات اور بالخصوص خواتین کیلئے مناسب سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائیں۔  سیکرٹری عمر حمید خان  نے مزید ہدایات دیتے ہوئے  کہا کہ انتخابی مواد کی تقسیم  اور ٹرانسپورٹیشن  کا بھی مناسب  بندوبست  اور سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے، اور نتائج مرتب کرتے وقت  ڈی آر اوز اور آر اوز  کے دفاتر میں بھی خاطر خواہ سیکورٹی انتظامات کئے جائیں۔

 

 

سیکورٹی کے حوالہ سے انسپکٹر جنرل آف پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زیادہ حساس، حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنوں میں سیکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا گیا ہے،  اور جہاں ضرورت پڑےگی وہاں ریزرو سکواڈ اور دیگر اضلاع جہا ں انتخابات نہیں ہو رہے وہاں سے نفری لا کر کمی کو پورا کیا جائیگا، آئی جی ایف سی نے بتایا کہ جہاں ایف سی کی تعیناتی کی ضرورت ہوگی وہ پولیس کے ساتھ ملکر پورا کیا جائیگا۔تاکہ یہ بلدیاتی انتخابات پر امن طریقے سے تکمیل کو پہنچ جائیں۔

 سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ انتخابات کے انعقاد کے لئے ان کا محکمہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے اور امید ہے کہ انتخابات بہتر طریقے سے مکمل ہو جائیں گے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان  بنگش نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا، اور  توقع ظاہر کی کہ  انتخابات  پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اجلاس کے انعقاد پر چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور بلدیاتی انتخابات کیلئے مجموعی طور پر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved