بھارت کے چیف ڈیفنس سیکرٹری جنرل بپن راوت کی آخری رسومات آج بھارتی دارالحکومت دہلی میں ادا کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق جنرل بپن راوت سمیت ہیلی کاپٹر میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد کی میتیں دہلی پہنچا دی گئی ہیں، جہاں وزیراعظم نریندر مودی، تینوں افواج کے سربراہان، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آج دوپہر 2 بجے انڈیا کی تینوں افواج کے بینڈ کے ساتھ ان کی میت کو دلی کے دھولا کنواں میں واقع برار سکوائر لے کر جایا جائے گا، اور وہیں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ انڈیا کے چیف آف سٹاف ڈیفنس کی آخری رسومات مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ جمعے کو دہلی میں ادا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی تینوں سروسز کو تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، جس کی سربراہی ایئر مارشل مانویندر سنگھ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر کا کاک پٹ وائس ریکارڈ بھی مل گیا ہے، اور بلیک باکس کی مدد سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ جنرل بپن راوت کے آرمی ہیلی کاپٹر کا بھارتی ریاست تامل ناڈو میں اس وقت حادثہ پیش آیا تھا، جب وہ میڈیکل کالج میں لیکچر کیلئے جا رہے تھے۔ حادثے میں سوار 14 افراد میں سے بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔