مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ ہے، پاکستان میں مہنگائی لندن سے کم ہے،علی زیدی

10  دسمبر‬‮  2021

وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ ہے، پاکستان میں مہنگائی لندن سے کم ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا دفاع نہیں کیا جاسکتا، کابینہ مہنگائی کا حل نکالنے کے لیے کوشاں ہے لیکن مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی آ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی لندن سے کم ہے اور حکومت کا مسئلہ مہنگائی نہیں گڈ گورننس ہے اور گڈگورننس کے مسئلے پر قابوپا لیاجائے گا۔
سیاسی مخالفین کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ آن لائن ووٹنگ خاص طور پر نواز شریف کے لیے منظور کی ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور کا کہنا تھا کہ ووٹنگ مشین کی منظوری پارلیمنٹ دے چکی ہے، الیکشن کمیشن اس پر عمل درآمدکرائے۔پاکستان میں کرپشن سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کو ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے نکال دیں تو کرپشن ختم ہو جاتی ہے۔
واضح رہے کہ علی حیدر زیدی لندن میں IMO اسمبلی کے 32 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں جو کہ 6 سے 15 دسمبر 2021 تک جاری رہے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved