پاکستان اور روس کا فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق

30  ستمبر‬‮  2021

پاکستان اور روس کی مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی ( Joint Military Consultative Committee – JMCC) کا تیسرا راؤنڈ 29 ستمبر 2021ء کو اسلام آباد میں ہوا جس  میں دونوں ممالک نے عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا۔

سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ میاں محمد ہلال حسین نے پاکستان جبکہ روسی نائب وزیر دفاع جنرل الیگزینڈر وی فومن نے روس کے وفد کی نمائندگی کی۔

وزارت دفاع پاکستان کے مطابق اس اجلاس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بشمول مشترکہ فوجی مشقیں، انٹیلی جنس تعاون، صنعتی اور دفاعی تعاون کا جائزہ لیا۔ اس جائزے کی بنیاد پر فیصلہ سازی کی گئی اور دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ جے ایم سی سی دفاعی تعلقات کو مضبوط کرتی رہے گی۔

روسی میڈیا کے مطابق جے ایم سی سی اجلاس کے تیسرے راؤنڈ میں افغانستان کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، جنرل الیگزینڈر فومن نے کہا کہ افغانستان کے حالات پر بہت مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی۔ روس کے نائب وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کے دوران فریقین نے عسکری تعلقات میں موثر اور مثبت تعاون کی تعریف کی اور اس میں اضافے پر اتفاق کیا، جنرل الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی کیلئے پاک روس دفاعی تعاون بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک روس دفاعی تعاون سے خطے میں استحکام آئے گا۔

دونوں ممالک کے مابین معاہدات کی پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے روسی نائب وزیر دفاع نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس کے ساتھ روس نے کورونا وبا کے دوران بھی اپنے منصوبوں پر کام جاری رکھا۔

جنرل الیگزینڈر نے 2022ء میں جے ایم سی سی کے چوتھے اجلاس کیلئے بھی رضامندی کا اظہار کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved