عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی ضرورت ہے، بیانات دینے کی بجائے مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے، پرویز الٰہی

11  دسمبر‬‮  2021

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو ریلیف دینا انسانیت کی خدمت ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے پولیٹیکل کوآرڈ نیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی و صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ، وفد  سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانیت کا درس دیا اور لوگوں کو ریلیف دینا انسانیت کی خدمت ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

پرویز الٰہی  نےگزشتہ ماہ قیمتوں میں بے لگام اضافے اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب اور وفاقی حکومتوں کی حمایت جاری رکھنا ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا  کہ  اس حالات میں وہ اپنے ووٹروں کا سامنا کرنے سے قاصر ہیں۔

اس سے پہلے بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں چوہدری پرویز الٰہی نے امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اس وقت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع پلان بنانے کی ضرورت ہے۔زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کراچی میں اومی کرون وائرس کے مزید کیس سامنے آنے کے بعد فوری طور پر صوبوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑیں گی۔

 اس موقع  پرچودھری پرویز الٰہی نے صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان اور فیاض تبسم کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved