بھارتی ریاست ہریانہ میں جنونی ہندوؤں نے مسلمانوں کو نماز جمعہ سے روک دیا، ساتھ ہی ہریانہ کے وزیراعلی ایم ایل کھٹرنے مسلمانوں کو دھمکی دی ہے کہ کھلی جگہوں پرنماز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ہریانہ کے وزیراعلی نے ہندوانتہاپسندوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلی جگہوں پرنماز ادا نہیں کرنے دی جائے گی۔مسلمانوں کوجن کھلے مقامات پرنماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی وہ بھی منسوخ کردی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوانتہاپسندوں نے ہریانہ کے شہرگڑگاؤں میں مسلسل تیسرے جمعہ کو بھی مسلمانوں کونماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی۔ مسلمانوں کی نماز کی جگہ پررکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ گزشتہ جمعہ ہندوانتہاپسندوں نے نماز کی جگہ پرگوبرپھینک دیا تھا۔
مسلمانوں کو جن کھلے میدانوں یا جگہوں پرنماز ادا کرنے کی سرکاری طورپراجازت دی گئی تھی وہ تمام اجازت نامے بھی منسوخ کردئیے گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کئی جمعوں کی طرح اس بار بھی پولیس کی موجودگی کے باوجود ہریانہ کے گڑ گاؤں میں انتہا پسندوں نے مسلمانوں کو کھلے میدان میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔ جنونی ہندوؤں نے پہلے تو جگہ کی کمی کا بہانہ بناتے ہوئے رات گئے ہی ٹرک میدان میں کھڑے کر دیئے اور بعد میں مشتعل ہجوم جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے جمع ہو گئے۔ہر قسم کی رکاوٹوں کے باوجود 150 سے زائد نمازی جمع ہوگئے اور نماز ادا کرنی چاہی تاہم مشتعل ہجوم نے نعرے بازی شروع کردی جس پر پولیس نے مشتعل ہجوم کو روکنے میں ناکام رہی۔