وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق سے نابلد (ن) لیگی ترجمان پہلے اپنے اردگرد نظر دوڑا لیں۔
حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا لیڈر قوم کے بچے بچے کو مقروض کرکے لندن میں بچوں سمیت مزے کر رہا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پاکستان بہتر سفارتکاری سے عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ عالمی طاقتیں اور بین الاقوامی لیڈران آج فخر سے پاکستان کے ساتھ اپنا تعلق بتاتے ہیں۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ ایک وہ دور تھا جب ملک کا کوئی کل وقتی وزیر خارجہ ہی نہ تھا۔ شریف خاندان نے کچن کیبنٹ کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش میں پاکستان کا نقصان کیا۔ شریف خاندان کا بس چلتا تو ملکی سفارتکاری بھارتی بیانیے کی ترجمانی تک محدود کر دیتے۔
حسان خاور نے کہا کہ ن لیگ ملکی سیاست سے غیر متعلق ہو چکی، کھوکھلی باتوں سے واپسی ناممکن ہے۔ ابھی تو ان کے ہر دلعزیز قائد اور ان کے فرزند کو شوگر اسکیم میں 16 ارب کی منی ٹریل دینا ہے۔ترجمان حکومتِ پنجاب نے کہا کہ احتساب کی بات ہو تو کہیں نہ کہیں سے این آر او کا اشارہ کرنا کوئی ن لیگ سے سیکھے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ ن لیگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت بھی دھاندلی نہ ہونے کے خوف سے کر رہی ہے۔حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ مقامی چینی کی قیمت بڑھانے والوں کے خلاف حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے، پنجاب بھر میں درآمد شدہ چینی 90 روپے کلو میں بک رہی ہے۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ نئے پاکستان میں تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جا رہے ہیں، سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پر ن لیگ کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تِلوں میں تیل ہوتا تو اب تک متحد ہو کر استعفیٰ دے چکے ہوتے۔