سنیچر کو برطانوی شہر لیورپول میں دنیا کے سات امیر ترین جمہوری ممالک کے وزرائے خارجہ روس کے یوکرائن پر ممکنہ حملے کے مقابلے میں ایک متحدہ محاذ قائم کرنے کیلئے ملاقات کر رہے ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ الزبیتھ ٹرس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اس اجلاس میں یوکرائن کی حمایت میں روس کے خلاف ایک سخت موقف اختیار کریں گے، جو ماسکو کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دے گا۔
جی سیون ممالک میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، جاپان اور کینیڈا شامل ہیں، جن کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جاری ہے۔
یاد رہے کہ امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق روس آئندہ برس کے آغاز میں یوکرائن پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس کیلئے یوکرائن کی سرحد کے ساتھ ڈیڑھ لاکھ فوجی تعینات کئے جا رہے ہیں۔ یوکرائن کی وزارت خارجہ نے امریکی رپورٹ کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس نے پہلے سے ہی 70 ہزار سے زائد فوجی بھاری اسلحے سے لیس کر کے سرحد پر تعینات کر رکھے ہیں۔
دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا، رواں ہفتے روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دراصل امریکہ اور نیٹو ممالک آئندہ سال کے آغاز پر اس خطے میں خفیہ کاروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس کا ملبہ بعد میں روس پر ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔