وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ملک میں دنیا کا بہترین یونیورسل ہیلتھ انشورنس سسٹم لارہی ہے، جس کی دنیا کے بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پنجاب میڈیکل کالج (فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی) کے 14ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ملک میں دنیا کا بہترین یونیورسل ہیلتھ انشورنس سسٹم لا رہی ہے اور31 دسمبر سے مارچ تک ملکی آبادی کے 60 فیصد حصہ پر مشتمل پنجاب کے 12 کروڑ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیا جا ئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ زندگی موت اللہ کے اختیار میں ہے لیکن اب کوئی شخص یا کسی کا پیارا صرف اس لئے لاعلاج دنیائے فانی سے رخصت نہیں ہوگا کہ اس کے پاس علاج معالجہ کے پیسے نہیں نیز جس طرح کے پی کے حکومت اپنے صوبہ کے تمام لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری اور ان کی ہیلتھ انشورنس کا پریمیم بھی ادا کررہی ہے اسی طرح پنجاب حکومت نے بھی وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں اگلے 3 سالوں کیلئے ریکارڈ 300 ارب روپے کی رقم مختص کردی ہے اور یہ ایک ایسا ہیلتھ سسٹم ہے جس کی دنیا کے بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔فرخ حبیب نے کہا کہ کووڈ 19 نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں معمولات زندگی تبدیل کردیئے اور دنیا کے تمام نظام کو معطل و مفلوج کرکے رکھ دیا حتیٰ کہ جو ممالک خود کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اور ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیتوں کا مالک قرار دیتے تھے وہ بھی اس وبا اور قدرتی آفت کے سامنے بے بس ہوکر رہ گئے۔
دنیا کا بہترین یونیورسل ہیلتھ انشورنس سسٹم لا رہے ہیں،فرخ حبیب
12
دسمبر 2021