خیبر پختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 دسمبر کو طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر صوابی نے جاری کیا اور انہیں 13 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ڈی ایم او نے کہا کہ اسد قیصر مبینہ طور پر آڈیو کلپ میں ووٹرز سے اپیل کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز کی بھی یقین دہانی کروائی۔ ڈی آر اونے اسپیکر اسد قیصر کی آڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پیمرا کو بھی خط لکھ دیا، چئیرمین پیمرا سے آڈیو کا فرانزک کرکے رپورٹ 15 دسمبر تک مانگ لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے اور ای سی پی نے اس کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد دیگر 18 اضلاع میں انتخابات 16 جنوری 2022 کو ہوں گے۔ مجموعی طور پر 19ہزار 282 امیدوار 2 ہزار 359 وی سی این سیز پر جنرل کونسلرز کی نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں، جبکہ وی سی این سیز کی اتنی ہی نشستوں کے لیے خواتین امیدواروں کی تعداد 3 ہزار 905 ہے۔
جن اضلاع میں 19 دسمبر کو انتخابات ہوں گے ان میں بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، مردان، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔