بھارت میں انتہا پسند ہندووں نے عیسائی برادری کے مبلغین پر تشدد کے بعد ان کی مقدس کتابوں کو آگ لگا دی۔
تفصیلات کےمطابق بھارت میں ہندو انتہا پسندی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، مسلمانوں اورسکھوں کے بعد اب عیسائیوں سمیت اقلیتیں نشانے پر ہیں، مودی سرکار کی شہہ پر ہندو انتہا پسند دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
جنونی ہندوؤں نے نہ صرف عیسائی مبلغین کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ عیسائیوں کی مقدس کتابوں کو بھی نذر آتش کردیا۔ تاحال اس واقعے پر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔مشتعل افراد نے مقدس کتاب کو جلانے کا اعتراف کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ کئی بار ان مبلغین کو کتابوں کی تقسیم اور عیسائی مذہب کے پرچار سے منع کیا ہے لیکن یہ باز نہیں آئے۔جنونی ہندوؤں نے عیسائی مبلغین پر زور زبردستی سے ہندوؤں کا مذہب تبدیل کرانے کا الزام بھی عائد کیا تاہم عیسائی مبلغین کے ترجمان نے اس کی تردید کی ہے۔
بھارتی پولیس نے روایتی بے حسی دکھاتے ہوئے کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا، واضح رہے کہ بھارت میں اقلیتوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔