بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان پراکسی وار، دہشت گردی اور بھارت مخالف سرگرمیوں کے ذریعے ہمارے ملک کو توڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
بھارتی وزیر دفاع کی پاکستان نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر کے الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔
بھارتی وزیر دفاع کا گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ 1971ء کی جنگ یہ یاددہانی کراتی ہے کہ مذہبی بنیاد پر بھارت کی تقسیم ایک تاریخی اور غلط فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تب سے بھارت کے خلاف پراکسی وار اور دہشت گردی کے عناصر کو فروغ دینے میں مصروف ہے، ہم نے پاکستان کے خلاف براہ راست جنگ بھی جیتی، اور پراکسی وار میں جس طرح بھارت کو توڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اس میں بھی پاکستان کو شکست دیں گے۔
بھارتی وزیر دفاع کے واویلے پر ردعمل میں پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے بیان میں کہا کہ پاکستان راج ناتھ سنگھ کے غیرضروری، بلاجواز اور اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کرتا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور بے بنیاد دھمکیوں کے تناظر میں بلاجواز اور بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں، تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا بی جے پی کی خاصیت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی مرکزی حکومت اتر پردیش اور دیگر ریاستی انتخابات میں عوام کی توجہ حاصل کرنے کیلئے ایسے بیان دے رہی ہے، جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔