وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر کہیں پے دھرنا دینا ہوتو مولانا کو مال دیکر بھیج دیں ۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ٹانک میں جلسے سے خطاب کے دوران علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ عورت کی حکمرانی حرام ہے، عورت کے لیے غیر مرد نامحرم ہے لیکن جب مولانا مریم کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو خوشی سے ان کی بانچھیں کھل اٹھتی ہیں اور جب اپنے لوگوں میں آتے ہیں تو کیسا منہ بنا لیتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج کل مولانا کیا بنا ہوئے ہیں پتا ہے آپ کو ’ مینوں نوٹ دکھا، میرا موڈ بنے۔‘ مطلب یہ کہ آپ کو جہاں دھرنا دینا ہو، آپ نے جتنی بڑی چوری کرنی ہو، مولانا فضل الرحمان کو مال دے کر بھیج دیں۔انہوں نے کہاکہ ہم خدمت کرتے ہیں اور اس خدمت کا ووٹ لیتے ہیں ، انشااللہ ہم الیکشن جیتیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ڈی آئی خان جلسہ اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو نوٹس جاری کردیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ علی امین کو آج ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے رو برو پیش ہونے کا حکم دیا ہے، الیکشن کمیشن وفاقی وزیر علی امین خان نوٹس کیس کو مانیٹرنگ کررہا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کی شفافیت، غیرجانبداری یقینی بنائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔