سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کی جانب سے مسلسل غیرآئینی اقدامات اور وزیر اعلی کی تقریرکے معاملے پر صدرمملکت اور وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے بلدیاتی قانون کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں آمد کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ڈپٹی کمشنر کے دفاتر کے باہر علامتی بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جو لاکھوں ووٹ لے کر آئے انہیں اقلیت کا طعنہ دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب عامر خان نے کہا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کو دیہی سندھ کی جماعت نہیں بلکہ وڈیروں کا گینگ سمجھتے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی تمام محبت قوم کے افراد کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف ڈھال بن کر کھڑی ہے ، چاہے وہ سندھ ، بلوچستان یا پھر ملک کے کسی گوشے کے مظلوم عوام ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کو دیہی سندھ کی جماعت نہیں بلکہ وڈیروں کا گینگ سمجھتے ہیں ، یہ اپنے مفادات کے لئے مظلوم عوام کے حقوق کو غضب کرتا ہے ، سندھ کے غریب عوام ان کے چنگل میں پھنسے ہیں ، لاڑکانہ ، نوشہرہ فیروز سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں لوگ انکے نرغے میں ہیں ، پیپلز پارٹی مظلوم ہاریوں کسانوں کے حقوق غضب کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی وڈیرہ شاہی اکثریت نے بلدیاتی ترمیمی بل پاس کیا ، یہی پیپلزپارٹی اپنے آپ کو وفاق کی علامت کہتی تھی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سندھ ترمیمی بل کو کالا قانون ایک نہیں بار بار کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لسانی منافرت کی سیاست کو دوبارہ زندہ نہیں ہونے دیں گے ، اس خطے کے لوگوں نے گھر بار چھوڑے تھے تب جا کر پاکستان بنا تھا ، پیپلز پارٹی کے ٹولے کو مسترد کرنا سندھ کی عوام پر فرض ہوچکا ہے ، اسمبلیوں میں کالے قانون پاس ہوچکے ہیں ، اس قانون کو ڈنکے کی چوٹ پر کالا قانون کہتے ہیں۔