پاک فضائیہ نے 1971ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کے جانبازوں کی کامیابیوں اور قربانیوں کی یاداشت پر مشتمل ایک دستاویزی فلم جاری کر دی ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے 1971ء کے جنگی کارناموں پر مبنی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم جاری کر دی ہے، جس میں 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے جانباز ہوابازوں اور جوانوں کے ناقابل فراموش کردار کو اجاگر کیا گیا ہے جنہوں نے دشمن کے خلاف جرات ،شجاعت اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق دستاویزی فلم میں اس عہد کی تجدید کی گئی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کیلئے مادر وطن کے دفاع کیلئے جان کا نذرانہ دینے سے بڑا کوئی مقدس نصب العین نہیں ہے اور ہمارے شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہمارے اسلاف کی ان عظیم اور لازوال قربانیوں کو تاریخ کے جلی حروف میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔