امریکی حکومت کے اعلیٰ سطحی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر مستقبل قریب میں حملے کا کوئی امکان نہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اسرائیل کا مستقبل قریب میں ایران پر حملے کا کوئی امکان نہیں۔ امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کا محوربھی ایران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری مذاکرات ہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کے خلاف جارحانہ بیانات صرف اس لئے دے رہا تاکہ جوہری مذاکرات میں ایران کے خلاف سخت شرائط عائد کی جا سکیں، اور ان بیانات کی دوسری وجہ یہ ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم ان بیانات کے باعث اسرائیلی عوام میں اپنی قدر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی میڈیا نے رواں ہفتے یہ خبر شائع کی تھی کہ اسرائیلی وزیر دفاع گینی بینٹز نے امریکی حکام کو ایران پر حملے کیلئے آخری تاریخ بتا دی ہے، اور اس سلسلے میں اسرائیلی افواج کو بھی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزیراعظم نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ایران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات میں اسرائیل فریق نہیں ہے، اور نہ ہی یہ مذاکرات ہمیں اسرائیل کے خلاف کاروائی سے روک سکتے ہیں، ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر یورینیم کی افزودگی کر رہا ہے، جو اسرائیل کیلئے ناقابل قبول ہے، ہم ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنے کیلئے تیار ہیں، تہران نے جب بھی ریڈ لائن کراس کی تو اسے تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔