اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نےکہا ہے کہ کرپشن کا ناسور معاشروں میں سرایت کر چکا ہے جس کے باعث دنیا بھر کے لوگوں کا اپنے حکمرانون اور اداروں پر سے اعتماد اٹھ چکاہے۔
اقوام متحدہ – (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی انسداد بدعنوانی کانفرنس (سی او ایس پی 9) میں اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ حد سے زیادہ لالچ نے ہم سب کو نقصان پہنچایا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ ممالک کورونا وائرس کی وبا سے بحالی میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ موقع پرستوں کی طرف سے اہم وسائل کی منتقلی سے بھی بچنے کی ضرورت ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہا کہ بدعنوانی سے عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے، یہ مایوسی کو بڑھاتی ہے اور خواتین اور لڑکیوں کے لئے مشکلات میں اضافہ کرتی ہےجس سے نمٹنا جامع، پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے بدعنوانی کے خلاف عالمی اقدامات میں تیزی لانے اور تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے ہمیں اداروں پر امید کو دوبارہ زندہ کرنے اور اعتماد کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ایک محفوظ، زیادہ خوشحال اور منصفانہ مستقبل کیلئے کام کریں۔