کرائسٹ چرچ مسجد حملے کے 10 ہیروز کے لیے نیوزی لینڈ حکومت نے اعلیٰ ترین ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق کرائسٹ چرچ مسجد پر حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں جان دینے والے پاکستانی ہیرو نعیم رشید کو نیوزی لینڈ کے اعلیٰ ترین بہادری ایوارڈ نیوزی لینڈ کراس سے نواز دیا گیا۔ حملے میں بچ جانے والے عبدالعزیزکے لیے بھی نیوزی لینڈ کراس ایوارڈ دیا جائے گا۔
وزیراعظم جسینڈرا آرڈرن کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ وکٹوریہ کراس کے برابر ہے جو نیوزی لینڈ کا اعلی ترین سول ایوارڈ ہے، انہوں نے کہا کہ ان شہریوں نے جس جرات کا مظاہرہ کیا وہ بے لوث اور قابل تعریف تھا۔ اس دن ان کی بہادری کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں اور مشکور ہیں۔
جسینڈرا آرڈرن نے کہا کہ اگر اس دن یہ لوگ بہادری سے کام نہ لیتے اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مدد نہ کرتے تو شاید ہم کہیں زیادہ جانیں کھو دیتے۔
کرائسٹ چرچ حملے کا مقابلہ کرنے والے مزید 8 افراد کو بہادری کے میڈل دیے گئے، ان میں حملہ آور کو گرفتار کرنے والے دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 2019 میں کرائسٹ چرچ مسجد پر دہشت گرد نے حملہ کیا تھا جسے روکنے کی کوشش میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے نعیم رشید کے علاوہ ان کا 22 سالہ بیٹا طلحہ نعیم اور 51 مسلمان شہید ہوئے تھے۔