ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ دو بڑی جماعتوں نے خانیوال ضمنی الیکشن میں2 ہزاراور راشن دیکر ووٹوں کی خریداری کی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے لاہور کا ریٹ 2 ہزار روپے رکھا، نون لیگ نے لوگوں کو راشن کا لالچ دیکر ووٹ خریدنے کی کوشش کی۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ ایون فیلڈ کیس کے مجرم پاکستان میں نہیں ہیں، عوام آپ سے تلخ سوالوں کے جواب چاہتے ہیں آپ کی گلوکاری نہیں سننی۔حکومتی کارکردگی کے حوالے سے حسان خاور نے کہا کہ چینی کنٹرول ریٹ پر دستیاب ہے احساس راشن پروگرام پر سبسڈی ملے گی، اربوں روپے کی رقم حکومت صحت کارڈ پر خرچ کرنے جا رہی ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ، احساس راشن پروگرام اور ایسے ہی دیگر پروگرامات عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعارف کروائے گئے ہیں، حکومت مہنگائی کا حجم کم کرنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے دیئے گئے احکامات پر نتائج کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ مہنگائی کے خاتمے کیلئے تمام اقدامات کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف صرف پراپیگنڈہ کرنا جانتی ہے۔
شریف فیملی وہ انوکھا خاندان ہے جس کے ہر فرد کو پرانے سے پرانے گانے یاد، لیکن لندن فلیٹس کی منی ٹریل، رسیدیں اور اکاؤنٹس میں 16 ارب روپے ڈالنے والے یاد نہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ دو بڑی جماعتوں نے خانیوال ضمنی الیکشن میں2 ہزاراور راشن دیکر ووٹوں کی خریداری کی۔