او آئی سی کے 17 ویں وزرائے خارجہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے، جس کے پیش نظر 17،18 اور 19 دسمبر کو وفاقی دارالحکومت میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو اسلام آباد میں موبائل سروس معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
علاوہ ازیں وزارت خارجہ نے غیر ملکی وفود کی واپسی کے دوران سیکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کیلئے 20 دسمبر 2021ء سوموار کے روز اسلام آباد میں عام تعطیل کی سفارش بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا خصوصی اجلاس 19 دسمبر 2021ء کو ہو گا، جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔ اجلاس میں شرکت کیلئے مختلف ممالک کے وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ 17 دسمبر 2021ء سے شروع ہو جائے گا، جس کے باعث غیر ملکی وفود کی سیکیورٹی کے پیش نظر اسلام آباد میں موبائل سروس بند رہے گی۔