وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پورے خطے کو بری طرح متاثر کرے گی، اوآئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس بے پناہ اہمیت رکھتی ہے۔
او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ا سلامی تعاون تنظیم کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہو گا۔اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک، مبصرین کے وزرائے خارجہ کے علاوہ اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی اور اٹلی کے مندوبین بھی شامل ہوں گے۔
اجلاس سے متعلق اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس بےپناہ اہمیت رکھتی ہے، کانفرنس دنیاکی توجہ افغانستان پر مبذول کرانے کیلئے بہت اہم ہے، دنیا کوافغانستان کے زمینی حقائق سے آگاہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مہاجرین کا بحران پیدا ہوا تو پاکستان اور ایران تک محدود نہیں رہے گا، مہاجرین روزگار کیلئے یورپ کے دروازوں پر بھی دستک دیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت افغانستان میں جنگ نہیں ہورہی، بھوک کا مسئلہ ہے، افغانستان میں معطل بینکنگ سسٹم فوری بحال کرنے کی ضرورت ہے، افغان عبوری حکومت کے پاس تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہت سے وزرائے خارجہ او آئی سی کانفرنس میں شرکت کیلئے آرہے ہیں، سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی نمائندگی بھی ہوگی، پاکستان کی خواہش ہے کہ مہاجرین باعزت طریقے سے گھروں کو لوٹیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی واپسی کیلئے افغانستان میں سازگار ماحول ہونا سب سےاہم ہے، افغانستان میں روزگار، امن نہ ہو تو مہاجرین واپسی سے کترائیں گے۔