ترجمان وزیر اعظم، معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ روزانہ پروپیگنڈا اور جھوٹ پھیلانا مریم اورنگزیب کی ڈیوٹی ہے۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ نا اہل درباریوں کو رٹے رٹائے بیانات کے بجائے آقاؤں کے چوری کی رسیدیں پیش کرنی چاہیے، بِلا ناغہ پروپیگنڈہ اور جھوٹ پھیلانا مریم اورنگزیب کی ڈیوٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بہترین خارجہ پالیسی کے باعث پوری دنیا کی نظریں پاکستان کی جانب ہے، پاکستان کو 41 سال بعد او آئی سی کی کانفرس کی سربراہی کا موقع ملا ہے۔
ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ او آئی سی کانفرس کی سربراہی پاکستان کو ملنا ہر محبِ وطن پاکستانی کے لیے فخر جبکہ کرپٹ الائنس کیلئے باعثِ تشویش ہے، او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا پاکستان میں آخری اجلاس 1981 میں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ پھر شریفوں اور زرداریوں کی باریوں کی سیاست نے پاکستان کو تنہا کر دیا، 5 سال تک وزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث پاکستان کو شدید نقصان پہنچانے والوں پر آج سکتہ طاری ہے۔ترجمان وزیر اعظم، معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا مزید کہنا تھا کہ عالمی نوعیت کے تقریب کے دنوں میں نااہلوں کی تنقید انکی گھٹیا سیاست کی غماز ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو کرپٹ، چور اور مافیا کا غلام بنا دیا ہے، عمران صاحب الزام دوہرانے سے وہ سچ ثابت نہیں ہوتے، ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل آپ کو کرپشن کا انٹر نیشنل سرٹیفیکیٹ دی چکی ہے۔