وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس وقت پاکستان میں3لاکھ کے قریب افغان شہری موجود ہیں، افغان شہریوں سے درخواست کرینگے کہ 3 ماہ میں واپس افغانستان چلے جائیں، بارڈرکھول دیں گے، افغان شہریوں کی بڑی تعداد پاکستان آئے گی، افغان شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کی مدد ضرور کریگا۔
انہوں نے کہا پاکستان آج اتوار کو اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے ایک غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس اجلاس کا مقصد افغانستان کے لیے امداد جمع کرنا ہے تاکہ وہاں انسانی بحران کو روکا جا سکے۔ہم نےافغان عوام سے انسانی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔افغانستان میں صورتحال خراب ہو رہی ہے، خواتین اور بچے شدید ترین متاثر ہیں، پاکستان پہلے ہی افغانستان کو 5 ارب روپے کی امداد دے چکا ہے، افغانستان کی صورتحال کو صرف پاکستان پر نہیں چھوڑا جا سکتا، دنیا کی کوئی بھی معیشت اس طرح کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی
ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا افغان شہریوں کو ٹریک اینڈ ٹریس کیا جا سکتا ہے، امید ہے اوآئی سی اجلاس سے افغانستان کیلئے مثبت پیغامات آئیں گے، چاہتے ہیں افغانستان سے متعلق ایک فنڈ بنا سکیں جس میں تمام اسلامی ممالک حصہ ڈالیں اور افغانستان کی مددکریں، فنڈکے ذریعے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹ سکیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں اچھے طریقے سے انتظامات نہیں کر سکے جس کا ادراک ہے، حکمران جماعت کا ضمنی الیکشن ہارنا یقیناً فکر کی بات ہوتی ہے پی ٹی آئی کوالیکشن پالیسی کو ریویو کرنیکی ضرورت ہے، بلیم گیم کے بجائے ہمیں اپنی خامیوں کو دور کرنا چاہیے، ضمنی الیکشن کے بعد بلدیاتی انتخابات بھی آ رہے ہیں،آئندہ الیکشن کی بھی تیاری کرنا ہوگی، الیکشن پالیسی کو بہتر کرنا ہو گا۔