سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عالمی دنیا کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں معاشی بحران صورتحال مزید خراب کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی کی وزرائےخارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ اجلاس کے انعقاد اور بہترین انتظامات پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس نے کم ترین وقت میں اس اجلاس کا انعقاد کیا، اہم ترین اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، اجلاس میں شرکت پر او آئی سی سیکریٹری جنرل اور دیگر کے شکر گزار ہیں۔
اجلاس کا مقصد افغان عوام کی مدد کرنا ہے، دو دہائیوں سے افغان عوام مشکلات کا شکار ہیں، عالمی امن کےلیےدنیا کو افغانستان میں کردار ادا کرناہوگا۔سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان میں خواتین اور بچوں سمیت افغان عوام مشکلات کا شکار ہیں، عالمی برادری کوافغانستان میں معاشی بحران کومزیدخراب ہونےسےبچاناہوگا، افغان مسئلےپر عالمی برادری کو تعاون کی ضرورت ہے۔
وزرائےخارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیرخارجہ نے بتایا کہ سعودی عرب نےایک ارب ریال افغان عوام کی مددکے لیے مختص کیے جبکہ سعودی عرب افغانستان میں انسانی بحران سےبچنے کے لیےامداد بھیج رہا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اوآئی سی اجلاس کےانعقاد پرپاکستان کومبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نےکم ترین وقت میں اجلاس کاانعقاد یقینی بنایا، اس کے علاوہ خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت پر او آئی سی سیکریٹری جنرل اور مندوبین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ افغانستان کی صورت حال پر اجلاس سعودی عرب کی جانب سے طلب کیا گیا ہے جبکہ میزبانی کے فرائض پاکستان انجام دے رہا ہے۔