مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج سرینگر میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔
بھارتی پولیس افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والا نوجوان کا تعلق عسکریت پسندوں سے تھا اور ہارون سرینگر میں مقابلے کے دوران شہید کیا گیا۔ تاہم مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے جعلی مقابلے کے دوران شہید کردیا ہے۔
واضح رہے کہ کشمیر میڈیا سروس کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے وحشیانہ تشدد کرکے ہزاروں کشمیریوں کو عمر بھر کے لیے معذور کردیا ہے۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو قابض بھارتی فوج کی جانب سے سرینگر میں 3 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو تشدد اور فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آئے روز شہریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔1989 سے اب تک بھارتی فورسز جموں کشمیر میں 96 ہزار کے قریب افراد کی جان لے چکی ہے، جبکہ گزشتہ ماہ بیس کشمیریوں کو شہید اورچھ گھر تباہ کردئیے تھے