ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کا کہنا ہے کہ او آئی سی اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اہم اعزاز ہے، وزیر اعظم عمران خان مسلم امہ کے صحیح ترجمان ہیں ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں حسان خاور کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی تدبیریں کرنے والے آج خود تنہا ہوگئے جبکہ آج دنیا کے تمام بڑے ممالک اسلام آباد میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں او آئی سی کا اجلاس ہو رہا ہے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی ہاں اور ناں سے فیصلے ہوا کریں گے۔حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ بے شک اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے۔
پاکستان کو تنہا کرنے کی تدبیریں کرنے والے آج خود تنہا ہوگئے جبکہ آج دنیا کے تمام بڑے ممالک اسلام آباد میں موجود ہیں۔ ماشاءاللہ قومی اسمبلی میں او آئی سی کا اجلاس ہو رہا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی ہاں اور ناں سے فیصلے ہوا کریں گے۔
بے شک اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے
— Hasaan Khawar (@hasaankhawar) December 19, 2021
اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں انسانی بحران کیلئے حل تلاش کرنے کا سہرا یقیناً عمران خان کو جاتا ہے، او آئی سی اجلاس کی میزبانی پاکستان کا اہم اعزاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی اجلاس کے انعقاد پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عمران خان مسلم امہ کے صحیح معنوں میں ترجمان ہیں۔
پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، مسئلہ افغانستان دنیا کی توجہ کا طالب ہے۔
حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر او آئی سی کا اجلاس بلا کر پاکستان نے ہمسائیگی کا حق ادا کیا ہے، افغان مسئلے کا حل پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کیلئے ضروری ہے۔